اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق جمعیت علماء ہند کے جنرل سیکرٹری اور راجیہ سبھا کے سابق رکن مولانا محمود اسعد مدنی نے ہندوستان میں بڑھتی ہوئی فرقہ واریت اور مسلمان دشمنی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ پرست طاقتوں کو کمزور کرنے کے لیے سیکولر عوام کو سامنے آنا ہو گا- انھوں نے کہا کہ ہندوستان کی تاریخ اور تہذیب صدیوں پرانی ہے اور یہاں ہر دور میں مختلف قومیں اور مختلف نظریات کے لوگ رہتے آئے ہیں لیکن الگ الگ مذاہب کے ماننے والوں اور مختلف النوع نسل کے لوگوں میں ہمیشہ آپسی اتحاد و اتفاق اور محبت و یگانگت کا ماحول رہا ہے-
انھوں نے مزید کہا کہ گذشتہ کچھ عرصے سے ملک کی قلیل فرقہ پرست طاقتوں نے اس اخوت اور محبت میں زہر گھولنے کی پوری کوشش کی ہے جس میں روز بروز شدت آتی جا رہی ہے-
اس لیے آج اسی قدیم آپسی بھائی چارے اور اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو نفرت کی آگ میں جلنے سے بچایا جا سکے-
واضح رہے کہ انیس سو سینتالیس میں برطانوی سامراج سے، ہندوستان کی آزادی کے وقت سے ہی اس ملک کے مسلمانوں نے ملک کی تعمیر و ترقی میں انتہائی اہم اور مثبت کردار ادا کیا ہے اور مسلمانوں کو حکومت ہندوستان سے توقع ہے کہ وہ مسلمانوں کے خلاف شدت پسند ہندوؤں کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے گی اور انھیں بی جے پی کے برسر اقتدار آنے سے غلط فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دے گی-
۔۔۔۔۔۔۔
/169